کاروار 17 / اگست (ایس او نیوز) کاروار میں 7/ اگست کی آدھی رات کو کالی ندی پر بنا ہوا پرانا پُل ٹوٹ کر نیچے گرنے سے جو لاری ندی میں جا گری تھی، اُسے باہر نکالنے کی کاروائی انجام دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اچانک پُل ٹوٹنے کی وجہ سے تملناڈو کی یہ لاری اور اس کا ڈرائیور بالا مورگن دونوں ندی میں گر گئے تھے مگر پولیس، فائر بریگیڈ اور مقامی ماہی گیروں نے ڈرائیور کو اسی رات بچا لیا تھا ۔
معلوم ہوا ہے کہ تین دن پہلے ضلع انتظامیہ اور آئی آر بی کمپنی نے کرین کی مدد سے لاری اوپر اٹھانے کی کوشش کی مگر اس کے لئے استعمال کیا گیا لوہے کا کیبل ٹوٹ گیا اور اس کارروائی کو روک دیا گیا ۔ پھر اس کے بعد جمعرات کو ماہر غوطہ خور ایشور ملپے اور ان کی ٹیم نے کالی ندی میں ڈبکی لگا کر بھاری کرین کی رسی ڈوبے ہوئے ٹرک سے باندھی جس کے بعد دو کرینوں کی مدد سے لاری کو اوپر کھینچا گیا، اور اس طرح لاری کو باہر نکالنے میں کامیابی مل گئی۔
اس موقع پر ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے ضلع ڈپٹی کمشنر کے ساتھ موقع پر پہنچ کر کارروائی کا جائزہ لیا اور اتنے بڑے حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہونے پر اسے ایک معجزہ قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ۔